ْانٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ سے باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے گا، محمد عامر جان

ہفتہ 5 مئی 2018 20:14

ْانٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ سے باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقادسے باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے گا اور نئی نسل اس کی طرف راغب ہوگی،چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے،ہفتہ کو 5ڈویژنز کے باکسرز کے ٹرائلز ہوئے ہیں جس میں 350باکسرز نے حصہ لیا ہے، خواتین باکسرز بھی چیمئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ میں میں باکسنگ کے ٹرائلز کے پہلے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمن، پی آر او عبدالرئوف، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ 12سے 15مئی تک منعقد ہونے والی انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کا سلوگن’’کون بنے گا پنجاب کا باکسنگ چیمپئن‘‘ ہے، پنجاب کے نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے پنجاب کا باکسنگ چیمپئن بنیں، انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کو پہلے روز 5ڈویژنز (ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، فیصل آباد ، ساہیوال)کے باکسرز کے ٹرائلز ہوئے ہیں جس میں 350باکسرز نے حصہ لیا، چیمپئن شپ میں انڈر 16باکسرز بھی حصہ لے رہے ہیں ان کیلئے 10ویٹ کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، ان میں سے ہی مستقبل کے چیمپئن تیار کئے جائیں گے، صوبہ بھر سے 650سے زائد باکسرز چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلئے لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں ا نکو سپورٹس بورڈ پنجاب بہترین رہائش اور کھانا فراہم کررہا ہے، میں نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ باکسرز کو سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، چیمئن شپ میں لوگ بھرپور شرکت کررہے ہیں اور بہت بڑی تعداد یہ مقابلے دیکھنے آئی گی، یہ عوام کا ایونٹ ہے، سب کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور باکسنگ کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالیں، ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے کہا کہ انٹرڈویژن پنجاب اوپن چیمپئن شپ کو ایونٹ بنائیں گے اور یہ ہر سال منعقد کی جائے گی۔