ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ کا سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا دورہ

ہفتہ 5 مئی 2018 20:15

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نذیر احمد گجانہ نے اسیران اور ان کے لواحقین کے لیے دستیاب سہولیات چیک کرنے کے لیے سنٹرل جیل گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا انہوں نے ویٹنگ ہال اور ملاقات شیڈ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور ملاقاتی خواتین و حضرات سے جیل میں فراہم کردہ سہولیات کی بابت دریافت کیا، ملاقاتیوں کی جانب سے اطمینان بخش جوابات ملنے پرانہوں نے جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا، خواتین بارک اور نوعمراسیران کی بارکوںمیں انسپکشن کے دوران انہوں نے تعلیمی کلاسز، فنی ٹریننگ کلاسز، باتھ رومزکی چیکنگ کے علاوہ چارپائیوں ، پارچا ت اور طبی سہولیات کی دستیابی چیک کی، بعدازاں انہوںنے جیل ہسپتال کا دورہ کرکے منشیات کے عادی اور ذہنی امراض میں مبتلا اسیران کے علاج ومعالجہ کی سہولیات کوچیک کیا اور زیرعلاج اسیران سے علاج معالجہ کی بابت تفصیلات دریافت کیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نے جیل کی دیگربارکان و بلاکس کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی ، پانی کی دستیابی اور تعلیم و تربیت کے انتظامات بھی چیک کئے ،کچن اسیران کی انسپکشن کے دوران ا نہوں نے کچن میں کام کرنے والے اسیران کا میڈیکل ریکارڈ چیک کیا نیزصفائی ستھرائی اور تیارکردہ کھانے کے معیار کی تعریف کی ، دورہ کے آخر میں ملاقات شیڈ اور پی سی او میں موجود اسیران سے ملاقات اور ٹیلی فون سہولت کے دورانیہ کی بابت دریافت کیاجس پر اسیران نے اطمینان کا اظہار کیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نے کہا کہ اچانک دورہ اور لوگوں سے دریافت کرنے کے باوجود کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہ ہوئی ہے، جیل میں بہترین انتظامات پائے گئے ہیں جس پرجیل انتظامیہ شاباش کی مستحق ہے۔