جرائم کی بیخ کنی کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں ، آر پی او

ہفتہ 5 مئی 2018 20:15

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختارنے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی اور معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں ،تمام ممکنہ وسائل کو برؤئے کار لاتے ہوئے قانون کی بالا دستی قائم کی جائے ، تھانہ میں آنے والے شہریوں سے نہایت عمدہ اخلاق سے پیش آیا جائے ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روزتھانہ صدر کامونکی کے ملاحظہ کے دوران پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن معاذ ظفر،ایس ڈی پی اوکامونکی سرکل عطاء الرحمان،ایس ایچ او صدر کامونکی محمد ناصر ،پرائیویٹ سیکرٹری شبیر احمد ،ریڈر محمد ارشد ، کلرک نصیر احمد، انچارج آئی ٹی برانچ محمد وسیم اورپولیس ترجمان عامر وسیم ودیگرافسران بھی موجود تھے ،ریجنل پولیس آفیسر نے تھانہ جات کے ملاحظہ کے دوران محرر دفتر، مال خانہ، کوت تھانہ کے ریکارڈ چیک کیے۔

(جاری ہے)

آر پی او نے تھانہ کی ناقص صفائی ، ریکارڈکی عدم تکمیل اور مقدمات کی ناقص تفتیش پر ایس ایچ اور ایس ڈی پی او کی سرزنش کی ۔ایس ایچ او کوشوکاز نوٹس اور ایس ڈی پی او کو وضاحتی لیٹر جاری کیا ، آر پی اونے ایس پی صدر ڈویژن کوہدایت کی کہ اپنے ڈویژن کے تھانہ جات کا سرپرائز وزٹ کریں اور ریکارڈ کی تکمیل اور پینڈنگ مقدمات کو جلد از جلد یکسوکیا جائے ،ریجنل پولیس آفیسر نے تمام ایس ڈی پی اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکل کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائز تکمیل اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹرنگ کریں،اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہ کی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ تھانوں کے سرپرائز وزٹ ہو ں گے اور جس تھانہ میںریکارڈ کی عدم تکمیل ہوئی اور تفتیش میں کوئی سقم پایا گیا تو اس تھانہ کے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور علاقے کے ایس ڈ ی پی اوکی بھی جواب طلبی کی جائے گی ،انہوں نے مزید کہا کہ وہ رینج آفس میں روزانہ کی بنیاد پر پولکام کے سسٹم کو خود مانیٹر کر رہے ہیں ،ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے کہا کہ ہر پولیس آفیسر اپنے آپ کو خدمت خلق کے لئے وقف کر دیں ، کام میں پروفیشنل ازم لائیں ، کار سرکار میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :