وکلاء معاشرے کا اعلیٰ و باشعور طبقہ ہے ، سینیٹر پیر صابر شاہ

تحریک پاکستان سے لے کر آج تک علاقہ کی تعمیر ترقی کے ساتھ عوام الناس کی فلاح وبہبود میں وکلاء نے ہمیشہ مثبت کرداراداکیا،تحصیل بار ایسوسی ایشن غازی کی تقریب حلف برداری سے خطاب

ہفتہ مئی 20:40

تر بیلا غازی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ وکلاء معاشرے کا اعلیٰ و باشعور طبقہ ہے جس نے تحریک پاکستان سے لے کر آج تک علاقہ کی تعمیر ترقی کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی فلاح وبہبود میںہمیشہ مثبت کرداراداکیا۔ تحصیل بار ایسوسی ایشن غازی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے ۔

تحصیل بار ایسوسی ایشن غازی کی کابینہ برائے سال 2018-19کی تقریب حلف برداری مقامی ہوٹل منعقد ہو ئی ۔ سینیٹر پیر صابر شاہ نے نو منتخب صدر بار اجمل خان طاہر خیلی ایڈوکیٹ ، جنرل سیکرٹری خواجہ فرقان فیصل ایڈوکیٹ ، جوائنٹ سیکرٹری مس رومانہ صدیق ایڈوکیٹ اور لائبریری سیکرٹری فواد خان طاہر خیلی ایڈوکیٹ سے حلف لیا جس کے بعد صدر بار اجمل خان طاہر خیلی ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر صابر شاہ نے سال 1993میں غازی کو تحصیل کا درجہ دلانے میں اہم کردار اداکیا جس کے کچھ عرصہ بعد تحصیل غازی کی سطح پر ایک سول جج تعینات کیا گیا جبکہ اس وقت غازی بار کے اراکین کی تعداد 3تھی اب تحصیل غازی میں دیگر مختلف شعبہ جات کے دفاتر کے ساتھ ساتھ 3ججز اور ایک اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت ہائے کام کررہی ہیںجبکہ وکلاء کی تعداد 30کو پہنچ چکی ہے جو عوام الناس کی قانونی معاونت میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں غازی بار اپنی مدد آپ کے اصول پر اپنے امور چلا رہی ہے جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے تحصیل جوڈیشل کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ عرصہ سے زیر التوء ہے سینیٹر پیر صابر شاہ نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء معاشرے کا اعلیٰ و باشعور طبقہ ہے جس نے تحریک پاکستان سے لے کر آج تک علاقہ کی تعمیر ترقی کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی فلاح وبہبود میںہمیشہ مثبت کرداراداکیا پیر صابر شاہ نے مزید کہا کہ رب تعالیٰ نے جب بھی انکو اختیار دیا اسے عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے استعمال کیا عدالت کی عمارات وغیرہ کی تعمیر وتوسیع کااختیار عدالت عالیہ و عظمیٰ کو حاصل ہے تاہم بار ایسوسی ایشن کے امور کے فروغ کے لیئے وہ اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے عطیہ پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری میں شریک علاقہ کی سماجی شخصیات خالد اشرف خان نے بار کو کتب لائبریری کے لیئے ایک لاکھ روپے اور خان محمد نے 10ہزار روپے عطیہ دیااس سادہ لیکن پروقار تقریب میں وکلاء و صحافی برادری کے ساتھ ساتھ غازی کے تحصیل ناظم اسلم حیات خان ، ضلع کونسل ہری پور کے اراکین سعید خان ، ملک محمد افضل ، تحصیل کونسل غازی کے رکن نصر اقبال، ویلج کونسل میانڈھیری کے ناظم میر افسر شاہ، ویلج کونسل قاضی پور کے ناظم حاجی محمد ایوب ، انجمن تعلیم وتدریس غازی کے صدر محمد اشفاق ، تحصیل مفتی اختر نواز اورعلاقہ کی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔