سیاستدان سیاست میں خلائی مخلوق کی مداخلت روکنے کے لئے متحد ہو جائیں،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

عوام الزامات کی سیاست سے تنگ آ چکی ، سیاستدان انتشار پھیلانے سے گریز کریں ایم ایم اے کا 13 مئی کا جلسہ سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا، دینی قوتوں کا نمائندہ اور حقیقی سیاسی پلیٹ فارم متحدہ مجلس عمل ہے،پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو

ہفتہ 5 مئی 2018 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ سیاستدان سیاست میں خلائی مخلوق کی مداخلت روکنے کے لئے متحد ہو جائیں۔ سیاست و جمہوریت کو درپیش خطرات کے سد باب کے لئے نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔ الیکشن میں عوام کی طاقت خلائی مخلوق کی ساری منصوبہ بندیاں بہا لے جائے گی۔

سیاست کو ان دیکھی پابندیوں میں جکڑا جا رہا ہے۔ عوام الزامات کی سیاست سے تنگ آ چکی ہے۔ سیاستدان انتشار پھیلانے سے گریز کریں۔ ایم ایم اے کا 13 مئی کا جلسہ سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا۔ نئے نئے دینی اتحاد کھڑے کر کے دینی ووٹ کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

دینی قوتوں کا نمائندہ اور حقیقی سیاسی پلیٹ فارم متحدہ مجلس عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ 13 مئی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں اسلام پرستوں کا میلہ لگے گا۔ نظام مصطفے کی حکمرانی قائم ہونے سے ملک میں غربت، افلاس، بے روزگاری، بدامنی اور ناانصافی کا خاتمہ ہو گا۔ ہماری جدوجہد نظام مصطفے کی حکمرانی، ناموس رسالت کی پاسبانی اور عقیدہ ختم نبوت کی نگہبانی کے لئے ہے۔ پاکستان کے مسائل چہرے نہیں نظام بدلنے سے حل ہوں گے۔ الیکشن میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ایم ایم اے نے زور دار انتخابی مہم چلانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ چاروں صوبوں میں بڑے جلسے کر کے دینی ووٹرز کو متحد کریں گے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی رابطہ عوام مہم جاری رہے گی۔