اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

ہفتہ 5 مئی 2018 21:03

اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ میں پنجاب اور سندھ کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) اے ایس علی او جی ڈی سی ایل بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ ہفتہ کو کوئٹہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ بلوچستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ محسن خان 37 اور بدر منیر نے 22 رنز سکور کئے۔

پنجاب کی طرف سے کامران اختر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پنجاب نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

(جاری ہے)

مطیع اللہ 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوئٹہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سندھ نے کے پی کے کو 31 رنز سے مات دی۔ سندھ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ نثار علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 125 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ عامر اشفاق 60 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں کے پی کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹ کے نقصان پر 214 رنز بنا سکیں۔ ثناء اللہ 73 اور ریاست خان 68 رنز بنا سکے۔ سندھ کے نثار علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔