محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن کی گراں فروشوں اور ملاوٹ کے مرتکب افراد کے خلاف مہم بدستور جاری

ماہ اپریل میں 247 دکانداروں پر مبلغ 6لاکھ 79 ہزار 900 روپے جرمانہ عائد کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کرایا گیا

ہفتہ 5 مئی 2018 21:03

ایبٹ آباد۔ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر خان لودھی کی ہدایت پر ڈویژنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن امتیاز محمد خان کی نگرانی میں محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن کی گراں فروشوں اور ملاوٹ کے مرتکب افراد کے خلاف مہم بدستور جاری ہے، ماہ اپریل میں 247 دکانداروں پر مبلغ 6لاکھ 79 ہزار 900 روپے جرمانہ عائد کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کرایا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں ضلع ایبٹ آباد میں 281 دکانوں کو چیک کیا گیا، 78 دکاندار قصور وار پائے گئے جن پر 191400 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلع مانسہرہ میں 231 دکانداروں کو چیک کیا گیا اور 69 افراد مرتکب جرم پائے گئے جن پر 2 لاکھ 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلع ہری پور میں مہم کے نتیجہ میں 135 دکانیں چیک ہوئی جن میں سے 50 دکاندار مرتکب جرم پائے گئے جن سے دو لاکھ 11 ہزار روپے جرمانہ وصول ہوا۔ اسی طرح ضلع بٹگرام، ضلع کوہستان اور ضلع تورغر میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران 225 دکانیں چیک ہوئیں اور 50 دکاندروں پر مبلغ 73 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی تسلسل میں ماہ اپریل میں 6 ناجائز منافع خوروں کو پابند سلاسل کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :