فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک کی دودھ سپلائر کے خلاف کارروائی، پانی ملا دودھ موقع پر ہی ضائع کر دیا

ہفتہ 5 مئی 2018 21:07

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) فوڈ سیفٹی اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک نے دودھ سپلائر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانی ملا دودھ ضائع کر دیا، فوڈ سیفٹی و حلال اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں دودھ فروشوں کی دکانوں پر دودھ کا معیار چیک کیا گیا تو اس میں 50 فیصد تک پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔

دودھ فروشوں کا کہنا تھا کہ دودھ سپلائی کرنے والے دودھ میں پانی ملا رہے ہیں، وہ لوگ دودھ میں پانی نہیں ملاتے۔

(جاری ہے)

اس اطلاع کے بعد صبح پانچ بجے فوڈ سیفٹی و حلال فوڈ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل نعمان، فوڈ سیفٹی آفیسر نعمان خان اور محکمہ لائیو سٹاک کے وٹرنری ڈاکٹر ابرار حسین پر مشتمل ٹیم نے مسلم آباد پولیس چیک پوسٹ پر دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو روک کر دودھ کے نمونے چیک کئے۔ دوران چیکنگ ماسوائے ایک دو گاڑیوں کے تمام سپلائر کا دودھ خالص نکلا۔ ایک دو دودھ کے سپلائزر نے 30 فیصد تک پانی ملا رکھا تھا جبکہ کئی دودھ فروشوں کے دودھ میں مکھیاں اور گندگی پائی گئی۔ 15 فیصد سے زائد پانی ملے دودھ اور مکھیوں والے دودھ کو موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔