یمن، حوثی ملیشیا کا اقتدار وحشت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے،امریکی سفیر

جنگجو ملیشیا نیک نیتی کامظاہرہ کرے تاکہ یمنی شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے،یمن کے حوثی باغی کرپشن اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں، میتھیو ٹولر

ہفتہ 5 مئی 2018 20:55

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) یمن میں امریکی سفارتکار میتھیو ٹولر نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کا اقتدار وحشت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے،جنگجو ملیشیا نیک نیتی سے مذاکرات کی میز سجائے تاکہ یمنی شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے،یمن کے حوثی باغی کرپشن اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں امریکا کے سفیر میتھیو ٹولر نے کہا ہے کہ حوثیوں کے زیر نگین علاقوں میں جنگجو ملیشیا کا اقتدار یمنی عوام کے لئے وحشت کے سوا کچھ اور نہیں۔

مصری روزنامہ ‘‘الیوم السابع’’ کو انٹرویو دیتے ہوئے مسٹر ٹولر کا کہنا تھا کہ امریکا روزمرہ کی بنیاد حوثیوں کی وسیع کرپشن، شہری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مانیٹر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنگجو ملیشیا کو نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز سجانی چاہئے تاکہ تمام یمنی شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔انھوں ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یمن کے حوثی باغی کرپشن اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔

انھوں نے اس بات کی شدید مذمت کی کہ ایران انہی باغیوں کو ایک آئینی حکومت کے خلاف مسلح مدد فراہم کر رہا ہے۔میتھیو ٹولر نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں میں نہتے شہریوں کو بیلسٹک میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات کا کسی کو کچھ فائدہ نہیں، ان سے صرف بحران کو طول مل رہا ہے۔