پی ایس ایل کی طرح کبڈی لیگ کروانے کا سہرا پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سر ہے، شافع حسین

حکومت فنڈز دینے کو تیار نہیں، پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے کبڈی لیگ کروائی ہے، آئندہ بھی کروائیں گے‘ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 مئی 2018 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کا سالانہ اجلاس ہفتے کو چودھری شافع حسین کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری چودھری سرور سمیت چاروں صوبوں اور پاکستان آرمی، ایئرفورس، واپڈا، ریلوے، پولیس، پی ایچ اے، پنڈی ڈویژن پنجاب ڈویژن کے عہدیداروں نے شرکت کی جن میں اختر عباس خواجہ، کیپٹن ناصر محمود، سیف الرحمن احتشام، طاہر وحید بٹ، رانا امجد اقبال، رائے مسعود کھرل، ممتاز خان، راشد بٹ، چودھری اعجاز، بادشاہ گل، اقرار حسن، اظہر حسین، حاکم علی، شہزاد حنیف اور قربان حسین شامل تھے۔

نومنتخب صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے فیڈریشن کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ایس ایل کی طرح پاکستان میں کبڈی لیگ کروائی جا رہی ہے، کبڈی کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ حکومت فیڈریشن کا ساتھ دے لیکن موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کیا اور نہ ہی وہ کوئی فنڈز دینے کو تیار ہیں اس لیے پرائیویٹ سیکٹر سے سپانسر لانے پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن اولمپکس کیلئے ٹیم تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کے بعد چودھری شجاعت حسین نے اس کھیل کو فروغ دیا اب میں بھی اس کھیل کو فروغ دینا چاہتا ہوں اس لیے میری کوشش ہے کہ جس طرح ملک میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال کیلئے سٹیڈیم موجود ہیں کبڈی کیلئے بھی سٹیڈیم بنائے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا لیکن بھارت کی حکومت نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ناموں سے بہت سی کبڈی فیڈریشن بنی ہوئی ہیں ان کی روک تھام کیلئے ہم کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں جلد عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔