لاہور،چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا سبزہ زار کی اوپن مارکیٹوں کا دورہ،گراں فروشی پر 8کو بھاری جرمانے

ہفتہ 5 مئی 2018 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے سبز ہ زار کی اوپن مارکیٹوں کااچانک دور ہ کر کے اشیائے خورد ونوش کی سرکاری نرخوںکے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ، گراں فروشی پر 8دکانداروںکوبھاری جرمانے جبکہ کم تولنے اور ریٹ لسٹ آویزاںنہ کرنیوالوں کی سرزنش کرتے ہوئے وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی سی میاں عثمان نے سبزہ زار کی اوپن مارکیٹوںمیں ڈیپارٹمنٹل ، جنرل سٹورز، پھلوں،سبزیوں، گوشت کی دکانوں کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتظامیہ کے لوگوںنے صارفین کے روپ میں خود بھی خریداری کی ۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے وارننگ کے باوجود گراں فروشی کرنے والے 8دکانداروںکو بھاری جرمانے کئے جبکہ کم تولنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے 15دکانداروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ ،عوام کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کا ہاتھ روکنے کیلئے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ صارفین کو یہ حق حاصل ہے کہ دکاندار سے ریٹ لسٹ دکھانے کا تقاضہ کیا جائے اور زائد قیمت مانگنے پر فوری شکایت درج کرائی جائے۔