حکومت سندھ نے صوبے کے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیر طلبا وطالبات کی میٹرک اورانٹر کی فیسیں ختم کردی

ہفتہ 5 مئی 2018 21:43

حکومت سندھ نے صوبے کے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیر طلبا وطالبات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) حکومت سندھ نے صوبے کے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیر طلبا وطالبات کی میٹرک اورانٹر کی فیسیں ختم کردی ہیں۔حکومت سندھ نے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا کے بعد اب صوبے کے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیر طلبا وطالبات کی میٹرک اورانٹرکی رجسٹریشن ،انرولمنٹ اورامتحانی فیسیں ختم کردی ہیں اوراس مد میں آنے والے اخراجات از خود برداشت کرنے کافیصلہ کیاہے وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری سے جمعے کوحکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق یہ فیصلہ فوری طورپرنافذالعمل ہوگا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزمحمد حسین سیدکے دستخط سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق سندھ میں رجسٹرڈیتیم خانوں میں مقیم نویں ،دسویں ،گیارہویں اوربارہویں جماعتوں کے طلبا وطالبات کی رجسٹریشن،انرولمنٹ اورسالانہ امتحانی فیسوں کی مد میں آنے والے اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔

(جاری ہے)

اس فیصلے سے سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کو بھی آگاہ کردیاگیاہے جبکہ صوبائی محکمہ سماجی بہبودکوایک خط لکھاجارہاہے جس میں محکمے سے سندھ میں رجسٹرڈیتیم خانوں اوراس میں مقیم میٹرک اورانٹرکی سطح کے طلبہ کی درست تعدادمانگی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ فیصلے کااطلاق سندھ کے نجی اسکولوں اورکالجوں میں زیرتعلیم ایسے طلبا پربھی ہوگا جورجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیرہیں یادرہے کہ حکومت سندھ گزشتہ برس اپریل میں جاری کیے گئے۔ایک نوٹیفیکیشن کے تحت سندھ کے سرکاری اسکولوں اورکالجوںمیں زیرتعلیم جماعت نہم سے بارہویں تک کے طلبہ کی انرولمنٹ اورامتحانی فیسیں پہلے ہی ختم کرچکی ہے اوراس سلسلے میں آنے والے اخراجات کی مد میں سندھ کے سرکاری تعلیمی بورڈزکو1ارب 76کروڑ70لاکھ روپے اداکیے جاچکے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس مد 2ارب روپے تک کے اضافے کاامکان ہے۔

دریں اثنا ذرائع کاکہناتھاکہ حکومت سندھ کی جانب سے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیرپہلی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کی نجی اسکولوں کی ٹیوشن فیسیں بھی ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے اگریہ فیصلہ کیاگیاتوایسی صورت میں حکومت سندھ نجی اسکولوں میں زیرتعلیم ایسے طلبا کی ٹیوشن فیسیں بھی اداکرے گی جوسندھ کے رجسٹرڈیتیم خانوں میں رہائش پذیرہوں۔

متعلقہ عنوان :