مسلم لیگ(ن ) قومی خدمات اور ملکی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کی بنیاد پر عوام کے پاس ووٹ کے لئے جائیگی ،علی اکبر گجر

ہفتہ 5 مئی 2018 21:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن ) قومی خدمات اور پاکستان کی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کی بنیاد پر عوام کے پاس ووٹ کے لئے جائے گی. پاکستان کی تاریخ میں قومی ترقی کے ریکارڈ منصوبے مکمل کرنے کے صلے میں قوم میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے نامزد امیدواروں کو تاریخ ساز کامیابیوں سے نوازے گی.

ہمارے مخالفین کے پاس جھوٹ منافقت اور الزامات کے سوا کچھ نہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہر پاکستانی کے سامنے ہیں. آئندہ انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن) کے مخالفین کو شکست فاش سے دوچار کر کے پاکستان کا سیاسی منظر نامہ ہمیشہ کے تبدیل کردیں گی. عوام اب کسی امپائر اور کسی مانیٹر کے اشاروں پر ووٹ نہیں دیں گے بلکہ پاکستان کی تعمیر اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام کرنے والی پاکستان مسلم لیگ(ن) کا انتخاب کر کے اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کو جاگنے پر مجبور کردیں گی.

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی اور مرکزی صد میاں شہباز شریف کی قیادت میں عوام دشمن قوتوں کو شکست دے کر آئندہ حکومت بنائے گی. قوم پاکستان بچانے کے لئے مفاد پرستوں کو بھرپور شکست دینے کے لئے میدان میں نکلے گی اور مسلم لیگ(ن) کے شیروں کو کامیاب کر کے وطن کو غیر محفوظ ہاتھوں میں جانے سے بچائے گی.

ملک میں رونما ہونے والے حیرت انگیز واقعات قوم کے سیاسی شعور کا امتحان بن رہے ہیں قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ان کی سوچ اور جمہوری حق کو پابند سلاسل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں. پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک میں ہونے والی سازشوں اور غیر جمہوری اقدامات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ہم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور قوم کے تعاون سے نہ صرف ملک کی جمہوریت کو بچائیں گے۔

(جاری ہے)

آئندہ انتخاب قوم کے جمہوری شعور اور ووٹ کی حرمت کے لئے امتحان ثابت ہونگے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی ملک کی آئندہ حکمران جماعت ہوگی اور پاکستان کو دنیا کی بڑی معاشی قوت بنانے کے لئے اپنے منشور کو آگے بڑھائے گی۔