Live Updates

ژوب،صوبائی حلقہ پی بی ون شیرانی میں ضلع موسیٰ خیل کو شامل کرنے کیخلاف آل پارٹیز کا اجلاس

الیکشن کمیشن کے غیر منصفانہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، جمعیت نظریاتی، اے این پی ، پی ٹی آئی ، پی ایم ایل ، قبائلی عمائدین

ہفتہ 5 مئی 2018 21:44

ژوب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) صوبائی حلقہ پی بی ون شیرانی میں ضلع موسیٰ خیل کو شامل کرنے کے خلاف آل پارٹیز کا اجلاس جمعیت علما ء کے ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔جس میں پشتونخوامیپ ،جمعیت علماء اسلام (ف)، جمعیت نظریاتی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ، قبائلی عمائدین اور سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولوی فیض محمد شیرانی، ڈسٹرکٹ چیئرمین سلطان شیرانی، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر امان اللہ حریفال، جمعیت کے صوبائی ناظم مالیات حاجی حسن شیرانی، تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبدالجلیل شیرانی، پشتونخوامیپ کے ضلعی سیکرٹری غلام الدین شیرانی، جمعیت نظریاتی کے ضلعی امیر مولوی نعمت اللہ حریفال، مسلم لیگ (ن) کے عبدالغنی شیرانی، جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری مولوی احمد حریفال، مولوی اسحق شاہ مفکر، انور شیرانی، حاجی عظیم خا ن شیرانی ،شیرانی حریفال قومی جرگہ کے محمد شریف شیرانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے غیر منصفانہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا پی بی ون شیرانی فارمولے کے تحت وجود میں آیا ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دیے گئے فارمولے میں شیرانی ضلع کو پی بی ون کا درجہ ملا تھا۔ لیکن الیکشن کمیشن نے اپنے غیرمنصفانہ فیصلے سے اپنے بنائے گئے قوانین کی دھجیاں اُ ڑا دیں۔ اور اپنے جبرانہ فیصلے سے شیرانی پی بی ون میں موسیٰ خیل ضلع کو بھی شامل کردیا گیاہے۔ جسے ضلع شیرانی کے عوام مسترد کرتے ہیں اور پی بی ون شیرانی کی بحالی کے لئے قانونی راستہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ شدید احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے ۔

مقررین نے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے ہر حد کو پار کرینگے ۔اور ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ کو فیصلے کی تبدیلی تک بند کرنے ،احتجاجی مظاہرے اور بھوک ہڑتال سے بھی دریغ نہیں کرینگے ۔اجلاس کے آخر میں سیاسی پارٹیوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات