آصف زرداری اور بلاول بھٹوسے پنجاب اور کے پی سے تعلق رکھنے والے متعدد رہنمائوں کی ملاقات ،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

پیپلزپارٹی کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوام ہیں ،پی پی پی کی توجہ صرف اس بات پر رہتی ہے کہ کس طرح عوام کی مشکلات کو ختم کیا جائے، پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر کی نئے شامل رہنمائوں سے گفتگو

ہفتہ 5 مئی 2018 21:47

آصف زرداری اور بلاول بھٹوسے پنجاب اور کے پی سے تعلق رکھنے والے متعدد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پنجاب اور کے پی سے تعلق رکھنے والے متعدد رہنمائوں نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان شخصیات میں چیئرمین یونین کونسل چوٹ دیران ناصر عباس تارڑ، سرگودھا کے پنجوتا خاندان کے غلام مرتضی پنجوتا اور سرفراز پنجوتا، چیئرمین چک مبارک سکندر حیات دریانا اور غلام عباس گوندل نے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر تسنیم قریشی اور چوہدری عابد حسین ہنجرا بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں مسلم لیگ(ن) کے پی کے نائب صدر اور ٹکٹ ہولڈر امان اللہ خان، جنرل سیکریٹری ضلع بار نوشہرہ عثمان خان، مسلم لیگ(ن) کے نائب ناظمین فرمان دتہ خان اور ڈاکٹر اصغر نے بھی مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوام ہیں۔ پیپلزپارٹی کی توجہ صرف اس بات پر رہتی ہے کہ کس طرح اور کیسے عوام کی مشکلات کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بغیر کسی امتیاز کے ملک میں بسنے والے عوام کی خدمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب گھر کے ایک فرد کو روزگار مہیا ہوتا ہے تو اس کے خاندان کی مشکلات کم ہو جاتی ہیں۔

ہماری سوچ یہ ہے کہ ملک میں بسنے والے ہر نوجوان کو روزگار مہیا ہواور انہیں آگے بڑھنے اور محنت سے ترقی کرنے کے یکساں مواقع فراہم ہوں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی بھوک اور بدحالی ، بیروزگاری، جہالت اور اندھیروں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور ان برائیوں کو ختم کرنے کا عہد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر ثابت قدمی کے ساتھ عمل کر رہی ہے۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ، زمرد خان، مہرین انور راجہ، سینیٹر سردار علی خان، سینیٹر بہرہ مند خان تنگی، ایم پی اے ضیاللہ آفریدی ، عامر فدا پراچہ اور دیگر موجود تھے۔