پارٹی کارکن انتخابات کی تیاری کریں‘ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی محمدنواز شریف کی کامیابی ہوگی‘

اٹک سے الیکشن جیت کر سیٹیں محمد نواز شریف کو تحفے میں دیں گے وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو

ہفتہ مئی 21:48

پارٹی کارکن انتخابات کی تیاری کریں‘ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں ..
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن انتخابات کی تیاری کریں‘ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی محمدنواز شریف کی کامیابی ہوگی‘ اٹک سے الیکشن جیت کر سیٹیں محمد نواز شریف کو تحفے میں دیں گے‘ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف نے ان پانچ سالوں کے دوران اٹک کے عوام کیلئے جو ترقیاتی منصوبے دئیے اس کا جوب اٹک کے عوام 2018میں میاں برادران کو دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار اپنی رہائشگاہ پر آئے ہوئے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور لیگی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کے مشکور ہیں کہ جس کے تعاون سے تحصیل حضرو اور تحصیل اٹک کے کونے کونے میں سوئی گیس کی فراہمی کی گئی جبکہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے اٹک میں زرعی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے علاوہ ہسپتالوں میں بہترین صحت کی سہولیات تعلیم کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی سے الیکشن کی تیاری شروع کر دیں‘ 2018کا الیکشن مسلم لیگ (ن) کوکارکردگی کی بنیاد پر جہاں ملک بھر سے کامیابی حاصل کرے گی وہاں ہی اٹک سے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایک بار پھر کامیابی حاصل کرکے اٹک میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔ تحصیل حسن ابدال کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تحصیل حسن ابدال اگر ایک سال قبل میرے حلقے میں شامل ہوتی تو یہاں بھی سوئی گیس سے محروم علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ۔

شیخ آفتاب احمد نے تحصیل حسن ابدال کے عوام سے وعدہ کیا کہ 2018 کے الیکشن میں کامیابی کے بعد تحصیل حسن ابدال کے سوئی گیس سے محروم علاقون کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔