قرآن مجید کو حفظ کرنا وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔ مولانا ڈاکٹر قاسم محمود

ہفتہ 5 مئی 2018 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کراچی کے صدر اور مجلس علمائے کراچی کے چیئرمین مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے کہا کہ قرآن مجید کو حفظ کرنا وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں، حافظ قرآن پر رب کریم کے تعلق کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تعلیم القرآن جامع مسجد فاطمہ و القاسم حفاظ اکیڈمی کے تحت منعقدہ عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی قرآن مجید کو حفظ کرتا ہے تو اللہ جل شانہ کے جود و کرم، انوار و تجلیات اور ایک خاص روحانی برق کا نزول حافظ قرآن پر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ جلالت قرآن یہ ہے کہ اس کی عظمت وشوکت پہاڑ بھی برداشت نہیں کرسکتے، ہم مسلمانوں بالخصوص حفاظ پر یہ لطف تو محض نبی اکرمؓؓ کے صدقے میں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک مسلمانوں کے لیے اللہ تبارک وتعالی کی طرف سے نعمت خاص ہے، اس کی جس قدر بھی قدر دانی کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کو سیکھنے اور سکھانے والا دو کمالات کا حامل ہوتا ہے۔ ایک تو وہ خود قرآن کریم سے نفع حاصل کرتا ہے پھر دوسروں کو اخلاص کے ساتھ نفع تقسیم کرتا ہے، اپنی اولاد کو بھی حفظ قرآن جیسی انمول نعمت کی تاکید و ترغیب دیجئے۔

متعلقہ عنوان :