پاک سر زمین پارٹی کراچی کے مسائل کے حل کی واحد اور یقینی حل کی ضمانت ہے، سید مصطفی کمال

اہلیانِ کراچی کو اپنے شہر کی خوشحالی کے لیے کرپٹ اور نااہل چوکیداروں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ چیئرمین پاک سر زمین پارٹی

ہفتہ 5 مئی 2018 21:52

پاک سر زمین پارٹی کراچی کے مسائل کے حل کی واحد اور یقینی حل کی ضمانت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کراچی سمیت ملک بھر کی عوام کو اپنا خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کراچی کے مسائل کے حل کی واحد اور یقینی حل کی ضمانت ہے کیونکہ اس کی قیادت ان با کردار اور تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے جو عوام کے مفاد کے لیے ذاتی آسائشوں کو ٹھوکر مار کر آئے ہیں اور انکا ماضی اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ جب انہیں موقع ملا تو انہوں نے کراچی کی تقدیر بدل ڈالی اور اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں سر انجام دیئے۔

انہوں نے کہا کہ اہلیانِ کراچی کو اپنے شہر کی خوشحالی کے لیے کرپٹ اور نااہل چوکیداروں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے قریب آتے ہی نااہل لوگ اپنی دکانیں بند ہو جانے کے ڈر سے لسانیت کی آگ کو بھڑکا رہے ہیں اور لوگوں کے دلوں میں نفرتوں کے بیچ بو رہے ہیں حالانکہ گزشتہ 32 برسوں میں اس سیاست کا نتیجہ صرف لاشوں کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نفرتوں کی سیاست سے نکل کر ہمیں ایک ترقی کے سفر کا آغاز کرنا ہوگا اور اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر مستقبل اور پاکستان دینے کے لیے آج سے اپنی اصلاح اور جدوجہد کرنی ہوگی۔ پاک سر زمین پارٹی کے پلیٹ فارم پر عوام بلا رنگ و نسل کی تفریق کے متحد ہو رہے ہیں۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کی قیادت نے ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اصلاحات، بے روزگاری سمیت تمام عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر لیا ہے جس پر آئندہ حکومت میں آکر عملدرآمد کر کے سندھ بھر کی عوام کے مسائل بلا تفریق حل کریں گے جنہیں موجودہ سندھ کے حکمران اور شہری انتظامیہ نیک نیتی کے فقدان کی وجہ سے حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔