رمضان المبارک سے قبل تمام مساجد ، امام بارگاہوں ، مذہبی اجتماعات کی جگہوں کے اطراف میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، ارسلان اسلام شیخ

ہفتہ مئی 21:54

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) میئر سکھر بیر سٹر ارسلان اسلام شیخ نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل تمام مساجد ، امام بارگاہوں ، مذہبی اجتماعات کی جگہوں کے اطراف میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں ، ان مقامات کے علاوہ بازاروں اور تفریحی مقامات پر ٹریفک کی روانی بر قرار رکھیں اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے ۔

نکاسی آب کی لائنوں سے بلا تاخیر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے بلدیہ افسران کو تاکید کی ہے کہ رمضان المبارک میں پینے کے پانی کی فراہمی ہر علاقہ میں ممکن بنائیں تاکہ روزہ داروں کو دشواری لاحق نہ ہو ۔ پانی کی قلت کے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور جو بھی رکاوٹیں ہیں ان کو دور کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

نہر کی بندش سے متاثرہ علاقوں میں متبادل ذرائع سے پانی فراہم کیا جائے ضرورت ہو تو ٹینکرز بھی استعمال میں لائے جائیں ، انہوں نے محکمہ صحت و صفائی کو بھی ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ان مقامات کی صفائی کا باقاعدہ موثر نظام اور طریقہ پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ شہر میں کچرا روزانہ صبح اور رات کو اٹھایا جائے، جس علاقے میں کچرا نظر آیا یا صفائی کی شکایات ملیں تو سخت کارروائی کی جائے گی ، تمام سینٹری انسپکٹرز سنیٹری ورکرز اور انڈر گرائونڈ پارٹی کو متحرک کریں ۔

نکاسی آب کی لائنوں ، گٹرز کی ڈی سٹنگ کیلئے افرادی قوت اور مشینری کا استعمال کریں ، ڈپٹی میئر طارق چوہان سے چیف آفیسر HQآصف علی اور افسران نے ملاقات کی اور انہیں مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کا اظہار کیا ، دریں اثناء ڈپٹی میئر نے واٹر ورکس انجینئر اکرم عباسی کو سختی سے تاکید کی کہ پانی کی فراہمی کو جلد از جلد معمول پر لائیں جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے ان پر خاص توجہ دی جائے انہیں نے واٹر ورکس کے افسران و اسٹاف کو مناسب حکمت عملی وضع کرنے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے اقدامات کی تاکید کی تاکہ پانی کی ہر علاقہ میں فراہمی معمول پرآئے۔