عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے انتظامات شروع کردئیے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر نادرچٹھہ

ہفتہ 5 مئی 2018 22:16

ملتان۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے انتظامات شروع کردئیے ہیں ۔ اس سلسلے میں تمام صوبائی و وفاقی محکمے مکمل دیانتداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں سے عمارات اور افرادی قوت کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں جن کو الیکشن کمیشن بھیجا جائے گا تاکہ پولنگ سکیم کو حتمی شکل دی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ صوبائی و وفاقی محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ارشدگوپانگ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک شفیق سمیت اسسٹنٹ کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل در آمد کرتے ہو ئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھرپور حکمت عملی کے ذریعے پر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنائے گی۔

گزشتہ روز انتخابات کے مقابلے میں اس مرتبہ 100پولنگ اسٹیشن اضافی قائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کی دہلیز پر اظہار حق رائے دہی فراہم کیا جاسکے۔ نادر چٹھہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر، گاڑیوں اور گزیٹیڈ و نان گزیٹیڈ سٹاف کی فہرستیں فوراً فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر کو فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر مختلف محکموں نے تجاویز بھی پیش کیں۔