3روزہ قومی پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

ہفتہ مئی 22:16

3روزہ قومی پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
ملتان۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 3روزہ قومی پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد شہبازشریف ہسپتال میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 7مئی سے شروع ہونے والی مہم کا آغازکیا۔ اس موقع پر ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر زاہد اختر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادرچٹھہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس بات کا پیغام دیا ہے کہ پولیو کی ویکسی نیشن بالکل بے ضرر اور محفوظ ہے۔ تمام والدین اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نادر چٹھہ نے کہا کہ ملتان میں پولیو مہم کا آغاز 7مئی سے ہوگا جس کے دوران 8لاکھ سے زائد کم سن بچوں کو گھر گھر جا کر ویکسی نیشن پلائی جائے گی۔

اس حوالے سے مختلف موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ تقریب کے دوران حاجی احسان الدین قریشی نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور کہا کہ حکومت پنجاب نے پولیو کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔ ہرشہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائے۔