نائجیریا کے بعد پاکستان دنیا کاواحد ملک ہے جہاں خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے سلسلہ میں وویمن ایکس پروگرام تیزی سے ترقی کر رہا ہے‘ قرسم قاسم

ہفتہ 5 مئی 2018 22:16

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) نائیجیریا کے بعد پاکستان دنیا کاواحد ملک ہے جہاں خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کے سلسلہ میں وویمن ایکس پروگرام تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ یہ بات ورلڈ بینک کی ینگ پروفیشنل قرسم قاسم نے فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نائب صدر عروہ نبیل سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے جن کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرکے ہی معاشی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف لاہور اور کراچی میں عورتیں اپنا بھرپورکردار ادا کر رہی ہیں۔ فیصل آباد کی خواتین میں بھی ترقی کی صلاحیتیں موجود ہیں جس کیلئے انہیں منظم ڈھانچے کے تحت ضروری مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کو خاص طور پر موجودہ خواتین انٹرپرنیورز کو ضروری سہولتیں دینے کے علاوہ تعلیم یافتہ خواتین کو بھی اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینی چا ہیے اس طرح نہ صرف خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنایا جا سکے گا بلکہ اس شہر اور ملک کی ترقی کی رفتار کو بھی مزید تیز کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وویمن ایکس پروگرام وویمن چیمبر سے بھرپور تعاون کرے گا۔ وویمن چیمبر کی نائب صدر عروہ نبیل نے کہا کہ فیصل آباد کی خواتین پہلے ہی صنعت و تجارت کے شعبہ میں کام کر رہی ہیں مگر اپنا الگ پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے اس کی سرگرمیاںمحدود تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے وویمن چیمبر قائم ہوا ہے اس سے خواتین انٹرپرنیورز اپنے مسائل کے حل کیلئے زیادہ متحرک ہو گئی ہیں۔

اب اس پلیٹ فارم سے بڑے پیمانے پر آگاہی تقریبات اور معلوماتی سیمینار منعقد کئے گئے ہیں جن کی وجہ سے وویمن چیمبر کی رکنیت سازی میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی ممبر ٹیکسٹائل اور فیشن کے شعبہ کے علاوہ غیر روائتی شعبوں میں بھی آگے رہی ہیں جن میں ٹرانسپورٹ کا مشکل شعبہ بھی شامل ہے۔ فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سیکرٹری جنرل مس اقراء قدیر نے بتایا کہ اس چیمبر میں ایسوسی ایٹ اور کارپوریٹ کلاس کی دو سو سے زائد ممبر ہیں جن کے مسائل کی نشاندہی کے علاوہ ان کے حل کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وویمن چیمبر کی ایگزیکٹو ممبر مس قراة العین نے بتایا کہ خواتین کو ملکی معیشت کا متحرک حصہ بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔