تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لئے الگ کوٹے کے بارے میں بھی عوام کو آگاہی دی جائے‘ اہل وطن کے لئے ٹرین کے سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ اور با سہولت بنایا جائے‘ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت

ہفتہ مئی 22:16

تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لئے الگ کوٹے کے بارے میں بھی عوام کو آگاہی ..
لاہور۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان ریلوے اپنی ٹرینوں میں فیملیز کے احترام کو یقینی بنائے اور خواتین اور بچیوں کے ساتھ سفر کرنے والوں کے لئے الگ کوٹہ مختص کیا جائے ۔ فیملیز کا یہ کوٹہ آن لائن ریزرویشن میں بھی ظاہر کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لئے الگ کوٹے کے بارے میں بھی عوام کو آگاہی دی جائے تاکہ اہل وطن کے لئے ٹرین کے سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ اور با سہولت بنایا جا سکے ۔

خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہورمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ادارے میں آنے والی جدت اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فیملیز کا احترام ہماری مذہبی تعلیمات اور معاشرتی روایات کا اہم ترین حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جہاں مسافروں کو سہولت اور اعتماد ملے گا وہاں اللہ کریم کی ذات بھی خوش ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپ گریڈ کی جانے والی تمام ٹرینوں میں اب پردے لگائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ ٹرین ڈیپارچر کے بعد سفر نہ کرنے والے مسافروں کو قواعد کے مطابق ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ریفنڈ کیا جائے تاکہ انہیں مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹرینوں میں ٹکٹوں کے اجراء یا تبدیلی کے عمل کو ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسزکے ذریعے ریلوے کے کمپیوٹرائزڈ نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

اسے پائیلٹ پراجیکٹ کے طور پر قراقرم ایکسپریس میں شروع کیا جا رہا ہے جس سے نظام میں مزید سہولت اور شفافیت آئے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ای ٹکٹنگ سمیت دیگر جدید ذرائع کا کامیابی کے ساتھ استعمال موجودہ انتظامیہ کی بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے ایک دن میں ایک کروڑ روپے کی ٹکٹیں آن لائن فروخت کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور دوسری طرف پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈوپلیکیٹ ٹکٹ کا اجرا کیا گیا ہے جس کی بنیاد بھی کمپیوٹرائزڈ نیٹ ورک ہے۔

اس نئے نظام کے اجرا کے بعد مختصر عرصے میں پاکستان ریلوے ستر لاکھ روپے کی متبادل ٹکٹیں جاری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں چیک اینڈ بیلنس کے نظام اور انٹر نیٹ کے ذریعے ٹکٹ کے اجرا کے آڈٹ کے نظام کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز کے ذریعے ٹرین میں ٹکٹوں کے اجرا سے سہولت میں اضافہ اور بد عنوانی کی روک تھام ہو گی ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آن لائن ریزرویشن میں ٹکٹ کینسل کروانے والوں کے لئے ادا کی گئی رقم کی واپسی کا خود کار نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ آنے والے ادوار میں بھی ترقی ،جدت اور سہولتوں کی فراہمی کا سفر جاری رہے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی فہد رحمان نے خصوصی بریفنگ دی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز عبدالحمید رازی ،مشیر ریلوے انجم پرویز ،ممبر فنانس فیصل اسماعیلی اور چیف پرسانل آفیسر چوہدی بلال سرور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔