’’ سر آپ میرے والد کی طرح ہیں ، آپ نہ ہوتے تو میں اس یونیورسٹی میں نہ ہوتی‘‘

دانش سکول کی فارغ التحصیل طالبہ کی باتیں سن کر شہبازشریف آبدیدہ ہوگئے

ہفتہ 5 مئی 2018 22:18

’’ سر آپ میرے والد کی طرح ہیں ، آپ نہ ہوتے تو میں اس یونیورسٹی میں نہ ..
لاہور۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کرنے کے بعد یونیورسٹی کا دورہ کیا، وہ لائبریری ، کلاس رومز اور لیبزمیں گئے ۔ طلبا وطالبات اور فیکلٹی ممبران سے گفتگو کی۔ اس موقع پر بی ایس کلاس کی طالبات نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات چیت کی۔

دانش سکول کی سابقہ طالبات نے وزیرا علیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والد کی وفات کے بعد دانش سکول میں بہترین تعلیم حاصل کرنے کی وجہ سے اس یونیورسٹی میں داخلہ ملا، آپ نے ہماری جیسی بیٹیوں کے لئے سگے باپ کا کردار ادا کیا ہے جس پر وزیراعلیٰ آبدیدہ ہو گئے۔ایک طالبہ نے کہاکہ سر آپ میرے والد کی طرح ہیں اگر آپ نہ ہوتے تو میں اس یونیورسٹی میں نہ ہوتی،جس پر وزیراعلی نے کہاکہ قوم کی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کا فریضہ ہمارے لئے راہ نجات ہے ، شمالی وزیر ستان سے آئے طالبعلم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی وجہ سے ہمیں سکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے جس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

دانش سکول سے فارغ التحصیل ایک طالبہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پسماندہ طبقات کے بچوں کے لیے ایک نہیں دو پلیٹ فارم مہیا کئے ہیں ،ایک پلیٹ فارم دانش سکول کی صورت میں ہے اور دوسرا پلیٹ فارم یونیورسٹی کی صورت میں- دانش سکول رحیم یار خان کے بعد سکالر شپ پر بی ایس آئی ٹی میں داخلہ ملا ہے اس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا جتنا شکریہ اد ا کیا جائے کم ہے۔

ایک طالبہ نے بتایا کہ میری والدہ وفات پا چکی ہیں جبکہ والد مزدوری کرتے ہیں، میری شاعری کی کتاب شائع ہونے والی ہی-وزیراعلی کے کہنے پر طالبہ نے اپنا شعر بھی سنایا-ایک اور طالبہ نے کہاکہ میں نے بچپن میں اپنے والد کو نہیں دیکھا تاہم آپ کی وجہ سے میری ماں کا خواب پورا ہواہی-وزیراعلی نے کہاکہ اس یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا و طالبات ذہین اور ہونہار ہیں اور قوم کے یہ بیٹے اور بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں -وزیراعلی جب تقریب میں شرکت کرنے کے لئے آئے تو طلبا اور طالبات نے ان کے حق میں نعرے لگائے -