پیپلز مومنٹ کی جموں کے مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی مذمت

ہفتہ 5 مئی 2018 22:25

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے جموں کے مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی سرپرستی میں ہندو فرقہ پرست قوتوں نے جموں کے مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لیے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما اور جموںو کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں تحصیل بلاور میں ایک مسلمان طالب علم کو قتل کرنے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ بچی آصفہ کی آبروریزی اور سفاکانہ قتل کے بعد ہندو فرقہ پرستوں نے ایک اور نوجوان کو قتل کردیا ہے۔ پیپلز موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ قاتلوں کو بھارت نواز سیاسی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم میں شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر چہ آصفہ کی آبروریزی اور قتل نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے اور عالمی سطح پر اس کی شدید مذمت کی گئی ہے لیکن کٹھ پتلی انتظامیہ نے اس گھنائو نے جرم میں ملوث مجرموں کو سزا دلانے کے لیے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے ۔