مرچ کی زیادہ پیداوار کے لیے پوٹاش کا استعمال ناگزیر ہے، ایف ایف سی روز اول سے زمینداروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی فراہم کر رہی ہے، سہیل سائر

ہفتہ 5 مئی 2018 23:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) ریجنل مینیجر ایف ایف سی حیدرآبادسہیل سائر نے کہا ہے کہ مرچ کی زیادہ پیداوار کے لیے پوٹاش کا استعمال ناگزیر ہے، ایف ایف سی روز اول سے زمینداروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی فراہم کر رہی ہے۔فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے زیر اہتمام مرچ کی منافع بخش کاشت پر ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیاجس میںکمپنی کے اعلیٰ افسران کے علاوہ دیگر زرعی تحقیقاتی اداروں کے ماہرین اور کاشتکارانِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریجنل مینیجر ایف ایف سی سہیل سائر نے زمینداروں کو سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایف ایف سی روزِ اول سے ہی زمینداروں کی رہنمائی کے لیے شب و روز کوشاں ہے، خریف کے موسم کی آمد پر کاشتکاروں کومرچ کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے ایف ایف سی نے اس سیمینار کا انعقاد کیا تا کہ حاضرینِ علاقہ کومرچ کی منافع بخش کاشت کے حصول کے لیے مفید مشورے فراہم کیے جا سکیں اور فصل کی فی ایکڑ اوسط پیداوار میں اضافہ حاصل کرکے ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے، انہوں نے علاقے کے کاشتکاروں کو کمپنی کی کھاد کی ترسیل کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوے کہا کہ ایف ایف سی اپنے وسیع ترین ڈیلر ز نیٹ ورک کے ساتھ ملک کے ہر کونے میں کھاد کی بروقت ترسیل کو ممکن بنا رہی ہے تاکہ کاشتکاروں کو ان کو قریب ترین کھاد میسر ہوا، کمپنی بین الاقوامی معیار سے بھی بہتر کھاد بنا رہی ہے اور ہر ممکن کوشش کرتی ہے کی کاشتکاروں تک اعلی معیار کی کھاد پہنچے۔

(جاری ہے)

مینیجر ایف ایف سی عبدلجلیل جروار نے کمپنی کی طرف سے زمینداروں کو میسر زرعی خدمات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار ایف ایف سی کے ماہرین کی تمام ترخدمات باالخصوص تجزیہ برائے مٹی و پانی کی مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ مرچ کی فصل میں کھادوں کے متوازن استعمال پر عمل پیرا ہو کر منافع بخش کاشت کو یقینی بنایا جاسکے، مرچ کی پیداواری ٹیکنالوجی بیان کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ درست زمین کا انتخاب اور تیاری، صحت مند اور ترقی دادہ اقسام کے بیج کا استعمال، بروقت اور موزوں طریقہ ِ کاشت، جڑی بوٹیوں کا بروقت کنٹرول اورمرچ کی بڑھوتری کے اہم مراحل پر مناسب آبپاشی سے ہی فصل کی منافع بخش کاشت کا حصول ممکن ہے، مرچ میں کھادوں کے استعمال کے حوالے سے انہوں نے حاضرین ِ پر زور دیا کہ وہ فصل میں یوریا کے ساتھ ساتھ ڈی اے پی اور پوٹاش والی کھادوں کا ضرور استعمال کریں، انہوں نے کاشکاروں پر زور دیاکہ کھادوں کے استعمال سے قبل اپنی زمین کا تجزیہ ضرور کرائیں، تقریب کے اختتام پرایف ایف سی کی جانب سے سیلز آفیسر عنایت اللہ میمن نے کاشتکاروں کا سیمینار میں شرکت پرشکریہ ادا کیا۔