ْ میئر سکھر کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنائے جانے کی ہدایت

ہفتہ مئی 23:04

سکھر۔ 5مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) میئر سکھر بیر سٹر ارسلان اسلام شیخ نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل تمام مساجد ، امام بارگاہوں ، مذہبی اجتماعات کی جگہوں کے اطراف میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں ، ان مقامات کے علاوہ بازاروں اور تفریحی مقامات پر ٹریفک کی روانی بر قرار رکھیں اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے ۔

نکاسی آب کی لائنوں سے بلا تاخیر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے بلدیہ افسران کو تاکید کی ہے کہ رمضان المبارک میں پینے کے پانی کی فراہمی ہر علاقہ میں ممکن بنائیں تاکہ روزہ داروں کو دشواری لاحق نہ ہو ۔ پانی کی قلت کے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور جو بھی رکاوٹیں ہیں ان کو دور کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

نہر کی بندش سے متاثرہ علاقوں میں متبادل ذرائع سے پانی فراہم کیا جائے ضرورت ہو تو ٹینکرز بھی استعمال میں لائے جائیں ، انہوں نے محکمہ صحت و صفائی کو بھی ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل ان مقامات کی صفائی کا باقاعدہ موثر نظام اور طریقہ پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ شہر میں کچرا روزانہ صبح اور رات کو اٹھایا جائے، جس علاقے میں کچرا نظر آیا یا صفائی کی شکایات ملیں تو سخت کارروائی کی جائے گی ، تمام سینٹری انسپکٹرز سنیٹری ورکرز اور انڈر گرائونڈ پارٹی کو متحرک کریں ۔

نکاسی آب کی لائنوں ، گٹرز کی ڈی سٹنگ کیلئے افرادی قوت اور مشینری کا استعمال کریں ۔