قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ کے خواتین ایونٹ میں سندھ اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

اتوار 6 مئی 2018 12:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ کے خواتین ایونٹ میں سندھ اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں،خواتین کا فائنل (آج) پیر کو شام 5بجے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے حمیدی ہال میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان صبح دس بجے کھیلا جائے گا، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب شام 6 بجے ہوگی جس کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیاتی شعیب احمد صدیقی ہونگے، چیمپیئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں سندھ نے پنجاب کو 31-6 گول سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ، سندھ کی جانب قرت العین، سکینہ، نیاب رضیہ، یسرہ اور حنا نے شاندارکارگردگی کا مظاہرہ کیا، دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 22-17 گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، خواتین کے ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں سندھ، ایلیٹ پی این ایف، آزاد جموں و کشمیر، گروپ بی میں پاکستان واپڈا اور خیبر پختونخوا، گروپ سی میں پنجاب اور اسلام آباد، گروپ ڈی میں بلوچستان، گلگت بلتستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن شامل ہیں، فائنل مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرنے والے ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔