مایہ ناز آل راﺅنڈر عبدالرزاق کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ

انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کاارادہ نہیں،پی ایس ایل کھیلنا چاہتا ہوں،آل راﺅنڈر

اتوار 6 مئی 2018 12:56

مایہ ناز آل راﺅنڈر عبدالرزاق کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی 2018ء) قومی ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کر لیا ، رواں سیزن وہ پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی ) کی جانب سے بطور کپتان فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔38 سالہ عبدالرزاق نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ سال 2014ءمیں کھیلا تھا جس کے بعد ان کی ٹیم زرعی ترقیاتی بینک( زیڈ ٹی بی ایل) گریڈ ٹو میں چلی گئی جسے رواں سیزن واپسی کا موقع ملا ہے، اب عبدالرزاق پی ٹی وی کے ساتھ منسلک ہیں۔

ایک انٹر ویو کے دوران عبدالرزاق نے کہا کہ رواں برس میں بطورکپتان پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے ایکشن میں نظر آﺅں گا، فٹنس اور فارم دونوں ٹھیک ہیں، گذشتہ دنوں پشاور سے میچ میں 94 رنز بنانے کے ساتھ ایک وکٹ بھی لی تھی۔

(جاری ہے)

سابق آل راﺅنڈر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کر کے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے ڈرافٹ کا حصہ بنوں اور پھر ایونٹ میں بھی حصہ لوں۔

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بطور باﺅلنگ کوچ منسلک رہنے والے عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کو پہلے ہی اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا، اگر فٹنس اور کارکردگی اچھی رہی تو یقیناً بطور کھلاڑی بھی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔ ایک سوال پر38 سالہ سابق ٹیسٹ آل راﺅنڈر نے کہا کہ قومی ٹیم میں اب کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہو چکے ہیں جو اچھا پرفارم بھی کر رہے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، صرف پی ایس ایل کھیلنا چاہتا ہوں ۔یاد رہے کہ عبدالرزاق نے1996ء سے 2013ء کے دوران 46 ٹیسٹ،265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔