دبئی کے امیر کی بیٹی شیخہ لطیفہ کی ملک سے بھاگنے کی اطلاعات اورگرفتاری

لطیفہ اپنی فیملی کے ساتھ موجود،پروپیگنڈا دبئی کے حکمراں کو بدنام کرنے کی قطری سازش کا حصہ ہے،اماراتی حکام

اتوار مئی 13:10

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے متحدہ عرب امارات کے حکام سے اپیل کی ہے کہ دبئی کے امیر کی بیٹی شیخہ لطیفہ کے بارے میں بتایا جائے کہ وہ کہاں ہیں برطانوی ٹی وی کے مطابق امارات کے حکومتی اہلکار نے بتایاکہ لطیفہ اب اپنی فیملی کے ساتھ ہیں اور یہ پوری کہانی دبئی کے حکمراں اور شیخہ کے والد کو بدنام کرنے کی قطری سازش کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ شیخہ لطیفہ دبئی کے امیر محمد بن راشد المختوم کی بیٹی ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے آزادی کی زندگی جینے کے لیے ملک سے بھاگنے کی کوشش کی تھی۔لیکن عینی شاہدین کے مطابق وہ جس پرتعیش کشتی میں بھاگ رہی تھیں سکیورٹی اہلکار اسے روک کر واپس دبئی لے آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد سے کسی نے انھیں دیکھا یا سنا نہیں ہے۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ ایک سابق فرانسیسی جاسوس ایروے جوبیر اور فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی اپنی دوست اور مارشل آرٹس کی استاد ٹینا جوہینن کی مدد سے ملک سے بھاگنے کی کوشش کر رہی تھیں جب انھیں پکڑ لیا گیا۔

شیخہ لطیفہ کے گمشدہ ہونے کے بعد ان کے دوستوں نے حکام پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جو ان کے مطابق شیخہ نے اس واقعے سے پہلے ریکارڈ کروایا تھا اور کچھ ہونے کی صورت میں اسے منظر عام پر لانے کو کہا تھا۔اس ویڈیو میں وہ کہتی ہیں میں یہ ویڈیو بنا رہی ہوں کیوںکہ شاید یہ وہ آخری ویڈیو ہو جو میں بنا رہی ہوں۔ اگر آپ یہ ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو یہ اچھا نہیں ہے کیوں کہ یا تو میں مر چکی ہوں یا پھر کسی بہت ہی مشکل صورتحال میں ہوں۔اپنے والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ میرے والد کو صرف اپنی ساکھ کی فکر ہے۔