ملک بھر میں لیوپس (جلدی بیماری ) کا عالمی دن جمعرات کومنایا جائے گا

اتوار 6 مئی 2018 13:10

فیصل آباد۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی لیوپس ( جلدی بیماری ) کا عالمی دن 10مئی بروزجمعرات کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔اس موقع پر مختلف سرکاری وغیر سرکاری طبی اداروں و تنظیموں کے اشتراک سے تمام بڑے شہروں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں لیوپس کی بیماری کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ورلڈ لیوپس ڈے پہلی بار 10مئی 2004ء کو منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ کے 170سے زائد رکن ممالک میں یہ دن ہر سال 10مئی کو بھر پور طریقے سے منایا جاتا ہے۔محکمہ صحت کے ترجمان نے بتا یا کہ ورلڈ لیوپس ڈے کے موقع پر عوام الناس کو مذکورہ بیماری کے پھیلائو کی وجوہات، ابتدائی علامات ، ظاہری وجوہات ، ماحولیات ، تشخیص، علاج معالجہ ، پرہیز ، تدارکی اقدامات وغیرہ کے متعلق روشناس کروایا جائے گاتاکہ اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ ورلڈ لیوپس ڈے کے دوران نہ صرف شعور ی آگاہی پیدا کی جائے گی بلکہ اس بیماری میں مبتلا مریضوں کیلئے ہیلتھ کیئر سروس ، اس بیماری پر ہونے والی ایڈوانس ریسرچ ، مذکورہ بیماری کے خاتمہ کیلئے ہونے والی تحقیق کے بھی تمام امور کا جائزہ یقینی بنایا جائے گا۔انہوںنے بتا یا کہ یہ بیماری نہ صرف متاثرہ شخص بلکہ اس کے اہلخانہ ، عزیز وا قارب ، دوست احباب کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔انہوںنے بتا یا کہ ورلڈ لیوپس ڈے کے موقع پر ہیلتھ پروفیشنلز عوام کو لیوپس کے بارے میں اہم امور سے بھی آگاہ کریں گے۔