ہائیکورٹ میں سرگودھا یونیورسٹی میں کئی افسران کی غیر قانونی تقرریوں و ترقیوں کے کیس کی سماعت (۱)ہو گی

جسٹس شاہد کریم سماعت کریں گے،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار بھی از خود نوٹس کیس کی سماعت ہفتہ کو کریں گے

اتوار 6 مئی 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں غیر قانونی تقرریوں و ترقیوں کے کیس کی سماعت آج (پیر) کو ہوگی جبکہ جسٹس علی باقر نجفی کی لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں تعیناتی کے باعث اب کیس کی سماعت جسٹس شاہد کریم کریں گے۔گزشتہ سماعت کے دوران فاضل عدالت نے وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جواب داخل نہ کروائے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حکم دیا تھاکہ وہ ہر صورت جواب داخل کروائیں بصورت دیگر وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمد خود عدالت میں پیش ہوکر اس ضمن میں وضاحت کریں۔

مزید بر۱ٓں چیف جسٹس سپریم کورٹ ۱ٓف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد کی خلاف ضابطہ اور میرٹ سے ہٹ کر تقرری کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید سے مکمل و تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ بتایا جائے کہ سرگودھا یونیورسٹی سمیت پنجاب کی دیگر یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کا طریقہ کار کیا ہے اور مشتہر کردہ قواعد و ضوابط کے برعکس تقرریاں کس طرح کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کیس کی سماعت ہفتہ 12 مئی کو لاہور رجسٹری میں ہوگی۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ میں وائس چانسلرسرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق احمدکی تقرری چیلنج کرنے کے دوسرے اہم ترین کیس کی سماعت بھی 14مئی بروز پیر کو ہوگی جس میں جسٹس شاہد کریم کے روبرو فریقین کے وکلاء حتمی دلائل پیش کریں گے اور توقع ہے کہ اسی روزکیس کا فیصلہ بھی سنایا جا ئے گا۔