مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں 5نوجوان شہید کر دیے، گزشتہ روز سے شہید ہونے والوں کی تعداد 9ہو گئی

اتوار 6 مئی 2018 13:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع شوپیاں میں 5 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بادی گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔شہید ہونے والوں کے نام پروفیسر محمد رفیع بٹ ، صدام احمد پڈر ، بلال احمد مہند،عادل ملک اور توصیف احمد شیخ بتائے جا رہے ہیں ۔

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فورسز کے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

آصف احمد میر نامی ایک اکیس سالہ نوجوان سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے جسے تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ٓان پانچ نوجوانوں کی شہادت سے گزشتہ روز سے مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر9 ہو گئی۔ بھارتی فوجیوں نے 3 نوجوانوں کو ہفتے کے روز سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاتھاجبکہ ایک اور نوجوان کو بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے صفا کدل میں کچل کر شہید کردیاتھا۔