عوام نے لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو مسترد کردیا ،ْسعید غنی

اتوار 6 مئی 2018 14:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عوام نے لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو مسترد کردیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا سیاسی شو ناکام ہوگیا ،ْکراچی کے عوام اب متحدہ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم صوبے بھر سے کارکنوں کو بلا کر بھی 40 فیصد گراؤنڈ نہ بھر سکی، جلسے کے دوران کارکنوں میں کوئی جوش و خروش نہیں تھا اور لگ رہا تھا کہ ڈی ایم سی اور کے ایم سی کے ملازمین کو زبردستی لا کر بٹھایا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جلسے کے خوف نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ایک کردیا، کراچی والے اب پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔سعید غنی نے 12 مئی کو گلشن اقبال میں سیاسی قوت کے مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔