چیچہ وطنی، ساہیوال انتظامیہ کاتمام نجی ہائوسنگ سکیموں کے فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ

اتوار 6 مئی 2018 14:30

چیچہ وطنی۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے تمام نجی ہائوسنگ سکیموں کے فرانزک آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور انہیں لینڈ مافیا سے بچایا جا سکے ۔یہ بات اے ڈی سی جی احمد خاور شہزاد نے اپنے دفتر میں ہونیوالے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مذکورہ فرانزک آڈٹ کے طریقہ کار پر غور کیا گیا ۔

یہ آڈٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق ایف آئی اے کے تعاون سے کرایا جائے گا ۔اجلاس میں محکمہ ریونیو ،پولیس ،بلدیہ اور پراسیکیوشن کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع ساہیوال میں رجسٹرڈ تمام نجی ،خودمختار اور سرکاری ہائوسنگ سوسائٹیز کا سائنسی خطوط پر فرانزک آڈٹ کروایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام ہائوسنگ کالونیز کے مالکان کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ اس آڈٹ کا مقصد عوام کے خون پسینے کی کمائی کا تحفظ کرنا اور انہیں فراڈ سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان ہائوسنگ کالونیوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کا بھی جائزہ لینا ہے تا کہ ان کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس تمام عمل کو 10 یوم میں مکمل کریں تا کہ جامع رپورٹ تیار کی جا سکے۔