ملک میں ترقی کا باب کھلا رکھنا ہے تو عوام 2018میں آئندہ 5سال کیلئے مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد

اتوار 6 مئی 2018 14:30

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کا باب کھلا رکھنا ہے تو عوام 2018میں آئندہ 5سال کیلئے مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں ، چوہدری نثار کی پریس کانفرنس نے ساری افواہوں کا دم توڑ دیا ، گھر میں اختلاف ہو تو گھر نہیں چھوڑا جاتا اختلاف رائے فطری عمل ہے رد نہیں کر سکتے انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ اٹک میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ تمام پارٹیوں کا ماضی عوام میں کھلی کتاب ہے ایٹمی دھماکوں سے لیکر سی پیک منصوبے تک سب کے پیچھے میاں محمد نواز شریف کی تصویر نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ فیصلے اللہ کے ہاتھ میں ہیں مستقبل میں ن کے علاوہ کوئی جماعت نہیں جو عوام کے مسائل حل کرے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے انہوں نے کہا کہ عنقریب این اے 55کے ایک ایک پروجیکٹ پر بات کر کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کروں گا میری کارکردگی نے میرے ووٹرز کو مایوس نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

زرعی بارانی یونیورسٹی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں بالکل غلط ہیں کہ یونیورسٹی کو کسی اور علاقے میں شفٹ کیا جا رہا ہے ایک ارب روپے سے اس کا کام جاری ہے اور یہاں سے یو نیورسٹی کہیں نہیں جا رہی البتہ میڈیکل کالج کے حوالے سے اس بات کی وضاحت کرتا ہوں کہ جہاں میڈیکل کالج تعمیر ہونا ہے وہ 527کنال جگہ ہے جبکہ میری خواہش ہے کہ 1500کنال جگہ حاصل ہو کیونکہ میڈیکل کالج میں میں ایک برن یونٹ بھی بنانا چاہتا ہوں کیونکہ جلنے کے حادثات میں مریضوں کو دور جانا پڑتا ہے آخر میں انہوں نے کہا کہ اٹک کی گلی گلی قصبہ قصبہ کہہ رہا ہے کہ شیخ آفتاب نے عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بجلی ، گیس ، روڈز پر اربوں روپے کی رقم خرچ کی ہے ۔