چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا ماڈل ٹائون اتوار بازار کا دورہ،گراں فروشی پر چار دکانداروں کو بھاری جرمانے ،ماضی میں گراں فروشی میں ملوث رہنے والوںکی رمضان المبارک میں کڑی نگرانی کی جائیگی ، میان عثمان

اتوار 6 مئی 2018 15:10

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرو ل کمیٹی میاں عثمان نے ماڈل ٹائون لنک روڈ اتوار بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا تفصیلی جائز ہ لیا ،گراں فروشی پر چار کو بھاری جرمانے، کم تولنے پر دو کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج جبکہ ناقص پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والے تین دکانداروں کے سٹالز منسوخ کر دئیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی سی میا ں عثمان اچانک ماڈل ٹائون لنک روڈ اتوار بازار پہنچ گئے اور تمام سٹالز کا دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی گئی ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے تمام سٹالز پر الیکٹرانک ترازو کے ذریعے تول بھی چیک کی اور کم تولنے والے دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

گراں فروشی پر چار دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ ناقص پھل او ر سبزیاں فروخت کرنے والے تین دکانداروں کے سٹالز منسوخ کرکے مذکورہ پھل اور سبزیاں فوری ہٹوا دئیے گئے ۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے کئی دکانداروں کی سر زنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی مشاورت سے رمضان المبارک میں اوپن مارکیٹوں کے دوروں کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور انشا اللہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں گراں فروشی میں ملوث رہنے والے دکانداروںکی رمضان المبارک میں کڑی نگرانی کی جائے گی اور اس کیلئے فہرستیں بھی مرتب کر لی گئی ہیں۔