اگر ہم متحد نہ ہوئے تو پھر باہر سے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ،اتحاد یقین محکم وقت کی اہم ضرورت ہے،را نا ارشد

اتوار 6 مئی 2018 15:30

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے خطا ب کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر ہم متحد نہ ہوئے تو پھر باہر سے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ،اتحاد یقین محکم وقت کی اہم ضرورت ہے، موجود سسٹم کی مضبوطی اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے کہ ہم آپس میں متحد ہو کر پاکستان مخالف قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور ان کے نا پاک ارادوں و نیست و نابود کر دیں ۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ سمیت تمام ریاستی اداروں کو ملکی ترقی و خوشحالی کے ایک ایجنڈے پر اکھٹے ہونا ہوگا اور ہم سب کو باہم متحد ہوکر اندر اور باہر کے دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ملک کے 22کروڑ عوام نے کرنا ہے، اب سیاست کا نظریہ بدل چکا ہے لوگ نام نہیں کام یاد رکھیں گے اور الحمداللہ مسلم لیگ(ن) نے پانچ برسوں میں ملک و قوم کی حقیقی خدمت کی ہے،حکومت نے اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اور چین کی دوستی سے بجلی کے کارخانے لگائے اور ملک کو دہشت گردی کے آسیب سے پاک کیا جس کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے خراج عقیدت کے مستحق ہیں اور ہم شہدا کی بیوائوں او رمائوں کو سلام پیس کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیںجب ساری دنیا میں پاکستان کی عزت ہوگی اور ہم اپنے وسائل پرانحصارکر تے ہوئے آگے بڑھیں گے، بہتر تعلیمی سہولتیں صر ف امیر لوگوں کا حق نہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن نے تعلیم کے حصول لے سلسلے میں غریب کے بچے کو بھی اعلیٰ معیاری تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر کردیاہے، اسی طرح انڈوومنٹ فنڈ سے لاکھوں طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میرٹ پرلیپ ٹاپ کی فراہمی سے سٹوڈنٹس کے مزید تعلیمی تقاضے پورے ہورہے ہیں اور اب پنجاب کے بچوں کو کیمرج اور آکسفورڈ جیسی تعلیم مل رہی ہے ۔