پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے ، وزیر دفاع انجینیئر خرم دستگیر خان

خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں وزیر دفاع کی دوشنبے میں تاجک ہم منصب جنرل شیر علی میرزوکے ساتھ ملاقات میں گفتگو

اتوار 6 مئی 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے انہوں نے یہ بات تاجکستان کے دارالحکو مت دوشنبے میں تاجک اپنے ہم منصب جنرل شیر علی میرزوکے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جو کہ انسداد دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر ہوئی ۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ افغانستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو سلامتی کے چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تمام مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لئے تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان راہداری گوادر سے کاشغر اور تاجکستان میں موریاب تک روابط بڑھانے کے لئے نئے اور منفر مواقع پیدا کرے گی۔

خرم دستگیر خان نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے لئے مواقع تلاش کئے جا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کی دفاعی صنعتوں اور معیاری مصنوعات کی پیداوار میں بہتری اور جدت آئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے خفیہ اطلاعات کی بنیادپرتعاون اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی تعاون کے تبادلوں کی پیشکش کی ۔ وفاقی وزیر نے اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی جو 3 اور 4 مئی کو دوشنبے میں منعقد ہوئی ۔ اس کانفرنس کا اہتمام تاجکستان کی حکومت نے اقوام متحدہ کے تعاون س کیا ۔ دوشنبے کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر سیدہشت گردی کی روک تھام بارے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ولادی میر ورنکوف نے بھی ملاقات کی۔