وزارت مذہبی امور کی سرکاری حج سکیم کی قرعہ اندازی میں کامیاب عازمین حج کو اپنے پاسپورٹ فوری طور پر متعلقہ بینکوں میں جمع کرا نے کی ہدایت

اتوار 6 مئی 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری حج سکیم کی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے عازمین حج کو ہدایات دی ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنے پاسپورٹ متعلقہ بینکوں میں جمع کرا دیں۔ وزارت کے حکام کے مطابق مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی مدت مئی 2019ء تک ہونا ضروری ہے۔ حکام کے مطابق قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے افراد متعلقہ بینکوں سے اپنی رقم نکال سکتے ہیں، اس سلسلہ میں وزارت سے منظوری حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے حکام کے مطابق ناکام ہونے والے عازمین حج اپنے متعلقہ بینکوں سے رقوم نکلوا سکتے ہیں تاہم اس ضمن میں کوئی بینک عذر، حیل و حجت کا مظاہرہ کرے تو فوری طور پر وزارت کے اس فون نمبر 051-9208465 پر اطلاع دیں۔ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے حجاج کینام وزارت کی ویب سائٹwww.mora.gov.pk پر ڈال دیئے گئے ہیں، درخواست دہندگان اپنے نام www.hajjinfo.com پر کلک کر کے اپنے نام چیک کر سکتے ہیں اس کے علاوہ درخواست دہندگان حج انکوائری نمبر 051-9205696 سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے عازمین حج کے موبائل نمبر پر کامیابی کے پیغامات دے دیئے گئے ہیں۔