ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے وفد کا ایسوسی ایشن کے صدر ظفراقبال گجر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا

اتوار مئی 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ظفراقبال گجر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید، سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا کو اپنی مارکیٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عثمان خان اور گروپ لیڈر چوہدری عرفان سمیت دیگر عہدیداران و تاجر شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ جی ٹین فور سمیت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے تاجر برادری کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرے تا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیاکہ وہ جی ٹین فور مارکیٹ کو ملانے والا پل تعمیر کرے کیونکہ پل نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد میں بے دخلیوں کے واقعات سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور تاجر اپنے مستقبل کے بارے میں پریشان ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جو قومی اسمبلی میں پڑا ہوا ہے پارلیمنٹ سے پاس کرائے تا کہ تاجروں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ کے مسائل حل کرانے کیلئے چیمبر جی ٹین فور کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ اور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسلام آباد کیلئے ایک متوازن قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل تیار کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس بل کو قانونی شکل نہیں دی گئی۔

ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی ٹین فور کے صدر چوہدری ظفر اقبال گجر، جنرل سیکرٹری عثمان خان اور گروپ لیڈر چوہدری عرفان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں کا فی عرصہ سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس کی وجہ سے فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سٹریٹ لائٹس خراب ہیں، صفائی کا نظام غیر تسلی بخش ہے اور فلٹریشن پلانٹ کا وعدہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے جی ٹین فور کی مارکیٹ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تا کہ تاجر بردری سازگار ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فرو غ دے سکے۔