کپاس کی کاشت کا ہدف ہر صورت میں 31 دسمبر تک حاصل کیا جائے گا،سید محمد ظفریاب

اتوار 6 مئی 2018 17:20

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) کپاس کی کاشت کا ہدف ہر صورت میں 31 دسمبر تک حاصل کیا جائے گا۔ ا س سلسلہ میں محکمہ زراعت (توسیع) کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی کررہی ہیں۔ زرعی ٹیو ب ویلز کیلئے بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کیلئے چیف میپکو سے میٹنگ کی گئی ہے تاکہ بوائی کے دنوں میں کاشتکاروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

۔ ان خیالات کا اظہار سید محمد ظفر یاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب نے ملتان، لودھراں اور بہاولپور اضلاع کے دوروں کے دوران کاشتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا مستقبل کپاس کی فصل سے وابستہ ہے۔ بین الاقوامی منظرنامہ کے مطابق آئندہ کپاس کی مانگ میں اضافہ کی وجہ سے قیمتیں زیادہ رہیں گی لہٰذا کاشتکاروں کو بھی آگاہ کیا جارہا ہے کہ اپنی آمدنی میں اضافہ کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے سورج مکھی کے مختلف فیلڈز کا بھی معائنہ کیا اور کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سورج مکھی کی بروقت ہارویسٹنگ مکمل کریں۔ کپاس کی کاشت میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں کی لاگت کاشت میں کمی کیلئے حکومت پنجاب نے زرعی مداخل پر سبسڈی جیسے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرکے کاشتکار اپنی فی ایکڑ آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں معیاری بیج، کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ رانا احمد منیر ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، چوہدری نیاز احمد ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور نوید عصمت کاہلوں بھی ان کے ہمراہ تھے۔