ملتان ائیر پورٹ پر کارگو کی جدید سہولیات کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،گورنرپنجاب

اتوار 6 مئی 2018 17:20

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملتان سے آم ، گوشت ،پھول ،تازہ سبزی اور پھل برآمد کے لئے ملتان ائیر پورٹ پر کارگو کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔جنوبی پنجاب کا اہم مقام ہونے کے ناطے حکومت نے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر اس علاقہ کے لوگوں کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر کی گئی ہے ائیر پورٹ کا تجارتی مقاصد کے لئے استعمال علاقہ سے بے روز گاری کے خاتمہ،خوشحالی اور تجارتی سر گرمیوں کے فروغ کا باعث ہوگا،ان خیالات کا اظہارانہوںنے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں ائیر پورٹ سے درآمداور برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نادر علی چٹھہ ،جی ایم کارگو پی آئی اے ،امارات ائیر لائن کے کارگو آفیسر ،صنعت کار جلاالدین رومی ،کاشت کار ، شعبہ پلانٹ پروٹیکشن کے افسران ،سول ایوی ایشن کے افسران ، نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر اشتیاق رجوانہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ آموں کی پیداوار کے علاوہ ملتان اور اس سے ملحقہ علاقے مختلف تجارتی اشیاء کے حوالے سے مقام رکھتے ہیں ۔ان علاقوں سے آم اور اس سے تیار کردہ دیگر مصنوعات ،پھول ،تازہ سبزیاں ،اور دیگر پھل چمڑا اور چمڑے کی مصنوعات ،کپڑا اور کپڑے کی مصنوعات کی دنیا کے مختلف ممالک میں طلب ہے ۔اور تجارتی معیار کے مطابق ان اشیاء کی تجارت کے لئے سہولیات فراہم کرکے خطیر زرِ مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے ا سی لئے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ ملتان ائیر پورٹ سے مسافروں کی آمد ورفت کے ساتھ ساتھ تجارتی مقاصد کے لئے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے۔

انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دے کرپروفیسر اشتیاق رجوانہ کو کنوینئر کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی،یہ کمیٹی نہ صرف حالیہ سیزن کے آموں کی برآمدکے حوالے سے بلکہ ملتان ایئر پورٹ کو پورا سال تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز دے گی۔ معروف صنعت کار جلالالدین رومی نے کہا کہ ملتان پیداواری اعتبار سے نہائت اہم ہے اسی اہمیت کے پیش نظر انہوں نے پراسسسنگ پلانٹ لگایا ہے تاکہ خطے کے کاشتکارون کی پیداوار عا لمی تجارتی معیار کے مطابق ڈھال کر عالمی منڈی میں تجار ت کی جائے جس سے ملک کے لئے خطیر شر مبادلہ مل سکے اور کاشتکار بھی خوشحال ہو سکے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور دیگر ائیر لائنز ملتان سے متحدہ عرب امارات ، جنوبی افریقہ اور یورپ کے لئے کارگو فلائٹ ملتان سے شروع کریں ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ائیر پورٹ کے لئے تیز رفتار رابطہ سڑکیں ،کارگوشیڈ ،ہیوی سکیزر مشین ،کولڈسٹورریج سمیت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی اشیاء کی درآمد اور برآمد کے لئے ضروری ہے،جلد خراب ہونے والی اشیاء پھل ،سبزیوں ،گوشت کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ رکھنے کے لئے ترسیلی مراحل میں بڑے پیمانے پر سکیننگ کی سہولیات اور کسٹم سمیت سیکورٹی اور دیگر چیکنگ میں کم سے کم وقت کا نظام وضع کرنا ضروری ہے اسی طرح وزن کرنے والی مشین کی تنصیب بھی ضروری ہے ،جی ایم کارگو پی آئی اے نے بتایا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ کے لئے پہلے مرحلے میں ای ڈی ایس سکیننگ مشین خطیر رقم سے خریدی جارہی ہے اسی طرح مرحلہ وار کراچی لاہور اور پھر ملتان کے لئے بھی خریدی جائیں گی تاکہ تجارتی سامان کی سکیننگ میں آسانی ہو ۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان ایئر پورٹ سے کارگو کی ترسیل کے لئے حکمتِ عملی ہو تاکہ دیگر ائیر لائنز بھی یہاں آسکیں ۔اس وقت پی آئی اے ،امارات ائیر لائنز یہ سہولیات فراہم کررہی ہیں ۔اجلاس میں پلانٹ پروٹیکشن کے افسران نے بتایا کہ میں داخلہ کے لئے 50سے زائد داخلی راستے ہیں جبکہ ان کے پاس صرف 18 ہیں کے موقع پر سہولیات نہ ہونے اور زرعی اجناس پھل وغیرہ کی درآمد سے نقصان دہ کیڑوں اور جراثیم کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ۔

ہم بیرون ملک بھجوانے کے لئے نہایت باریک بینی سے چھان بین کرتے ہیں تاکہ ہمارے پھل سبزیاں جراثیم آلود ہونے کے باعث سودے کی منسوخی اور ملک کی بدنامی کا ناعث نہ بن سکیں ،افسران نے بتایا کہ انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق تجارت کے لئے سہولیات کی فراہمی ہماری مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کی بنیاد ہیں۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر کے برآمداد بڑھا رہی ہے تاکہ خطیر زر مبادلہ حاصل کیا جاسکے ملتان ائیر پورٹ کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے سہولیات کی فراہمی پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔