آئے روز مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت اور بھارتی مظالم بڑھتے جا رہے ہیں،بیرسٹرسلطان محمود

اتوار 6 مئی 2018 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارت کی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم اور سیئز فائر لائن کی خلاف ورزیوں پر سفارتی محاذ بالخصوص پاکستان میں مقیم سفارتکاروں کو بریفنگ دینے کا سلسلہ تیزی سے شروع کر دیا ہے۔

آئے روز مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت اور بھارتی مظالم بڑھتے جا رہے ہیں اس پر انٹرنیشنل کمیونٹی کا خاموش رہنا بے حسی ہے اورہماری طرف سے بھی اس پرکوئی کردار ادا نہ کر نا مجرمانہ فعل کے مترادف ہے۔حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کر رہی۔ اسلئے میں بطور کشمیری پوری دنیا میں اپنا کردار ادا کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر آسٹریا کی سفیر برگیتا بلاہا(Birgitta Blaha) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آسٹریا کی سفیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آسٹریا اور یورپ اپنا کردارادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردارادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ یورپ اور آسٹریا کا انسانی حقوق پر ایک بہترین ٹریک ریکارڈ ہے ۔ لہذا اب وقت آگیا ہے کہ یورپ اپنی چپ کا روزہ توڑے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور سیئز فائر لائن پر بھارتی خلاف ورزیوں کی بھرپور مزمت کی جائے۔