نارنگ منڈی‘مارکیٹ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے متعدددکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں

دکاندار وں کاانجمن تاجران کے مرکزی صدر ارشد محمود باجوہ اور فاروق اعوان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ ،لیسکو کے خلاف نعرے بازی

اتوار 6 مئی 2018 18:10

نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) مقامی ریل بازار کی معروف خلیل مارکیٹ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے متعدددکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں نقصان کااندازہ کروڑوں روپے لگایاجاتاہے افسوسناک سانحہ بجلی کی بوسیدہ اور لٹکتی ہوئی ناقص تاروں کے باعث پیش آیا افسوسناک واقعہ کے باعث تمام مارکیٹیں اور بازار احتجاجاً بند رہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی صبح پانچ بجے بجلی کی بوسیدہ تاریں تیز ہوا کے باعث آہنی شٹر سے ٹکر ائیں جس کے باعث اچانک آگ بھرک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ آسمانوں کی بلندیوں کو چھوتی رہی جس نے آناً فاناً پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا یہ نا رنگ منڈی شہر کی معروف مارکیٹ تھی جس میں منیاری، گارمنٹس، کلاتھ اور موبائل وغیرہ کی دکانیں تھیں جس میں پڑا کروڑوں روپے کا سامان خاک کا ڈھیربن گیا واضح رہے کہ چئیر مین ملک محمد عارف نے جلنے والی دکانوں کا جائزہ لیا اور متاثرہ دکانداروں سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مالی امداد یقینی بنائی جائے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ انجمن تاجران کی پریس ریلیز کے مطابق لیسکو کے زمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو ہم آج پیر سے احتجاجاً شٹر ڈائون کرنے پر مجبور ہوں گے۔

(جاری ہے)

اور دکاندار وں نے انجمن تاجران کے مرکزی صدر ارشد محمود باجوہ اور فاروق اعوان کی قیادت میں حیدری چوک تھانہ روڈ پر کئی گھنٹے دھرنا دیا اور ٹائر جلا کر زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث کئی گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہی مظاہرین نے لیسکو کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور اسے لیسکو انتظامیہ کی مجرمانا غفلت اور لا پر واہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیسکو حکام کو درجنوں بار خطرناک صورت حال سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہ دی جبکہ نارنگ منڈی میں چار سال سے ریسکیو 1122کی بلڈنگ کے قیام کے باوجود افتتاح نہ ہونے پر مریدکے سے فائر بر گیڈ کی گاڑیاں منگوانا پڑیں اور تاخیر کے باعث پوری مارکیٹ جل کر خا کستر ہو چکی تھی جبکہ چئیر مین میونسپل کمیٹی ملک محمد عارف کی یقین دہانی پر انجمن تاجران نے احتجاج ختم کر دیا ۔