نارنگ منڈی ‘ٹیوشن نہ پڑھنے پر ماسٹر کا آٹھویں جماعت کے طالبعلم پر تشدد ،آنکھوں کی بینائی زائل ہوگئی

اتوار 6 مئی 2018 18:10

نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) نواحی گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول گلو کی میں ہیڈ ماسٹر نے ٹیوشن نہ پڑھنے پر آٹھویں جماعت کے طالبعلم محمد عبداللہ شفیق کو مار مار کر ادھ موا ء کر دیا اور آنکھوں پر کاری ضرب لگنے سے معصوم طالب علم کی ایک آنکھ کی بینائی مکمل زائل ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں واھنڈو کے ہسپتا ل سے لاہور میو ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز نے بتایا کہ طالبعلم کی آنکھوں کے پردوں کو شدید نقصان پہنچا ہے آپریشن کے بعد بینائی کی صورتِ حال واضح ہوگی تا ہم طالبعلم کو ایمر جنسی میں طبی امداد دی جا رہی ہے والدین نے روتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سیکر ٹیری ایجوکیشن اور ڈی سی گو جرانوالہ سے مار نہیں پیار کی دھجیاں اڑانے پرسخت نوٹس لینے اور ہیڈ ماسٹر کے خلاف سخت قانونی کار وائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ طالبعلم کوٹلی مقبرہ سے گلو کی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آتا تھا اور ہیڈ ماسٹر کئی ماہ سے اسے ٹیوشن کے لیے اپنی اکیڈمی میں آنے کے لیے مجبور کرتا تھا اور انکار پر ہیڈ ماسٹر طیش میں آگیا اور جلاد بن کر طالبعلم پر برس پڑا اور اس قدر وحشیانہ تشدد کیا کہ بچے کا پورا جسم زخمی ہو گیا اور تاحال بازو کام نہیں کر رہے۔