مسلم لیگ فنکشنل کا سندھ میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ ،تنظیم سازی مکمل کرنے کا اعلان

اتوار 6 مئی 2018 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنظیم سازی مکمل کرنے کا اعلان کردیا پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کا جی ڈی اے میں شمولیت کے لئے رابطے۔ یہ بات فنکشنل لیگ سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی صدارت میں کراچی میں منعقدہ اجلاس میں کی گئی۔

اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم، سیکریٹری اطلاعات عبدالکریم شیخ، فنانس سیکریٹری وحید سومرو، رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں کراچی کے تمام اضلاع کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے بعد اسکا اعلان کرنے کی منظوری دی گئی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں تنظیم سازی کا کام جلد مکمل کیا جائیگا کراچی سمیت سندھ بھر میں رکنیت سازی مہم کو تیز کرنے کے لیے رکنیت سازی کیمپس قائم کئے جائینگے اجلاس میں کراچی میں بھرپور عوامی طاقت کے مظاہرے کے لئے جلسہ عام کرنے پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جی ڈی اے میں شامل جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد جلسے کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب میں پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ گھر گھر جاکر سندھ کے عوام کو ووٹ کے صحیح استعمال کے لئے آگاہی دی جائے انہوں نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی کی کرپٹ حکومت سے تنگ آچکے ہیں لوگ بیزار ہیں عوام ان سے فوری طور چھٹکارا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کئی ارکان اسمبلی ہم سے رابطے میں ہیں وہ جلد جی ڈی اے میں شامل ہونگے ہم نے آئندہ حکومت کے قیام کے لئے صلاح مشورے شروع کردئیے ہیں زرداری کا وقت پورا ہوگیا سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے بنائیگی جس کے بعد سندھ میں خوشحالی کا دور اور بہترین طرز حکمرانی ہوگی انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے ایک انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لے گی۔