اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں فارغ التحصیل پروفیشنلز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، گورنر سندھ

اتوار مئی 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) گورنر سندھ ، پیٹرن محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے جامعات سے فارغ التحصیل پروفیشنلز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری ، درس و تدریس ، طالب علموں کو جدید دور کے مطابق سہولیات کی فراہمی سے پاکستان کو نمایا ں مقام دلایا جا سکتا ہے ، صوبہ میں سرکاری و نجی جامعات اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے معاون ثابت ہو رہی ہے ۔

گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیو ٹ آف بزنس منیجمنٹ (IoBM) کے سابق طالب علموں کے اعزا ز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چانسلر بشیر جان محمد ،صدر طالب کریم، جامعہ کے پروفیسرز ، لیکچرارز ، اساتذہ سمیت جامعہ سے فارغ التحصیل پروفیشنلز شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ معیار تعلیم ، جدید خطوط پر نصاب کی تیاری اور عصر حاضر کے مطابق طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی سے ہی نوجوانوں کو پاکستان کا ذمہ دار فرد بنایا جا سکتا ہے ، موجودہ حکومت نے امن و امان ، توانائی ، مستحکم معیشت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے ہیں ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ کی جامعات کو وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے جبکہ نجی جامعات کو بھی بھرپور معاونت اور مدد فراہم کی جار ہی ہے تا کہ اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئیM IoB کے چانسلر بشیر جان محمد نے انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد ، نصاب کی تیاری کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، طالب علموں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پاکستان کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ان کی آبیاری کے لئے نجی جامعات اہم کردار ادا کررہی ہے ۔