تجارتی حجم میں 15 فیصد اضافہ سے پاک ایران دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، خواجہ حبیب الرحمان

اتوار 6 مئی 2018 18:10

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ جتنی تجارت ایران کیساتھ ہو سکتی ہے کسی اور ملک سے نہیں، تجارتی حجم میں 15 فیصد اضافہ سے دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے،مشترکہ سرمایہ کاری سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، بزنس کمیونٹی کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے وفود کا تبادلہ اور نمائش کا انعقاد ضروری ہے،گوادر ،چاہ بہار معاون بندرگاہیں ہیں، پاکستان اور ایران مل کر خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرا نی سفیر مہدی ہنر دوست کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ سستی گیس کے حصول کیلئے پاک ایران گیس منصوبے کی فوری تکمیل وقت کی ضرورت ہے اس سے نہ صرف ہمارے کارخانے چلیں گے بلکہ ہم تو انائی بحران سے بھی چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 15 روزہ ریل سروس کا آغاز رواں سال ستمبر سے ہوگا اور یہ ٹرین سروس ایران کے شہر مشہد یا قم اور پاکستان کے مغربی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے درمیان چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ مال بردار گاڑیوں کیساتھ پسنجر ٹرینیں بھی چلائی جائیں تاکہ تاجر برادری کیساتھ ساتھ ایران جانیوالے زائرین بھی استفادہ کرسکیں۔دریں اثناء خواجہ حبیب الرحمان نے خانہ فرہنگ ایران لاہور میں ایرا نی سفیر مہدی ہنر دوست سے بھی ملاقات کی اورخطے کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کیلئے تجارتی تعلقات کو مزید فرو غ دینے پر اتفا ق کیا۔ ایرا نی سفیر مہدی ہنر دوست نے دونوں ممالک کے تجارت تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کی کوششوں کو سراہا۔