دبئی کی شہزادی کی پراسرار گمشدگی پر ہیومن رائٹس واچ کا اظہارِ تشویش ،ْدبئی کے اعلیٰ حکام سے تفصیلات دینے کا مطالبہ

اتوار 6 مئی 2018 18:20

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے متحدہ عرب امارات کے حکمراں راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ لطیفہ کی طویل پراسرار گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دبئی کے اعلیٰ حکام سے تفصیلات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکمراں راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ لطیفہ رواں سال مارچ میں اپنے دوستوں کے ہمراہ بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھیں۔

شیخہ لطیفہ کے دوستوں کے مطابق انہیں سیکیورٹی اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد سے شہزادی کا کسی سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے شہزادی سے متعلق آگاہی کیلئے متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

جوبرٹ نامی ایک فرانسیسی امریکی شہری نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعوی کیا کہ وہ رواں سال مارچ میں باغی شہزادی کے ہمراہ بھارت کے سیاحتی مقام گوا میں موجود تھے۔

شہزادی اپنی مرضی سے زندگی گزارنا چاہتی تھیں اور ہم گوا کے سمندر میں ایک کشتی میں سوار تھے کہ بھارتی کوسٹ گارڈ نے ہمیں گھیرے میں لے کر کشتی کو روک لیا جس کے بعد متحدہ عرب امارات کے کچھ اہلکار کشتی میں آئے اور مار پیٹ کر ہمیں دبئی لے گئے جہاں مجھے ایک ماہ رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا تاہم شہزادی کا اب تک کچھ پتہ نہیں ہے۔